کراچی(اسپورٹس رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ انٹرکلب ضلع ویسٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں آزاد الیون اور مدینہ شہباز نے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پہلے میچ میں آزاد الیون نے رانا اسپورٹس کو پنالٹی ککس پر4-2 سے شکست دی۔ میچ مقررہ وقت میں1-1 گول سے برابر رہا۔ مدینہ شہباز اور اصلاح بلوچ کے مابین کھیلا گیا میچ کا فیصلہ بھی پنالٹی ککس پر ہوا ۔ مدینہ شہباز نے 3-1سے کامیابی حاصل کرکے فائنل ایٹ میں جگہ بنالی۔ مہمان خصوصی سرپرست اعلیٰ ضلع ویسٹ فٹبال ایسو سی ایشن انجینئر ابراہیم بلوچ نے سیکریٹری اسپورٹس ہارون احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے بھرپورتعاون کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ان کا یہ تعاون جاری رہے گا۔ایڈمنسٹریٹر انجم حسین زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ہارون احمد خان فٹبال جیسے پسماندہ کھیل اور کھلاڑیوں کی فلاح میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ میری نیک خواہشات ٹورنامنٹ کمیٹی کے ساتھ ہیں اور اس ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لئے محکمہ کھیل بھرپور تعاون کرے گا،اور سندھ بھر میں اس طرح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتے رہیں گے۔