لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستانی تھیٹر کی عالمی شہرت یافتہ فنکارہ اور اجوکا تھیٹر کی فائونڈنگ ڈائریکٹر مدیحہ گوہر کی فنی خدمات کے اعتراف میں لاہور میں تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول سجایا جا رہا ہے جس کا آغاز جمعرات ستائیس ستمبر سے لاہور آرٹس کونسل کے الحمرا ہال نمبر 2میں ہوگا ۔فیسٹیول کے پہلے روز چولستانی صحرا میںپیش آنے والے سچے واقعے پر مبنی کھیل’’ کالا مینڈا بھیس ‘‘ پرفارم کیا جائے گا جس کے بعد دوسرے روز لاہورکے ثقافتی تہواربسنت پر مبنی کھیل ’’ لو پھر بسنت آئی‘‘ جبکہ آخری روز انتیس ستمبر بروز ہفتہ صوفی شاعرحضرت بابا بلھے شاہ کی حیات اور تعلیمات پر مبنی تاریخی کھیل’’ بلھا ‘‘ پیش کیا جائے گا ۔ اجوکا تھیٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم کے مطابق فیسٹیول میںپرفارمنس کیلئے گذشتہ تین دہائیوں میں مدیحہ گوہر کے ہدایت کردہ تین مختلف کھیلوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں تعمیری اور سبق آموز تھیٹر کے فروغ میں مدیحہ گوہر کی فنی خدمات کو شایان شان خراج تحسین پیش کرنا ہے۔