لاہور( سپورٹس رپورٹر )سپورٹس بورڈ پنجاب نے سالانہ سپورٹس کیلنڈر2018-19کو حتمی شکل دیدی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ اولمپک گیمز میں شامل 34 کھیلوں کے مقابلے ضلع، ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر منعقد کرائے جائیں گے، پسماندہ علاقوں سمیت پنجاب کے ہر علاقے کے نوجوانوں کو سپورٹس کی یکساں سہولتیں فراہم کریں گے، ان خیالات کا اظہار سپورٹس بورڈ پنجاب میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے سالانہ سپورٹس کیلنڈر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں تمام ڈویژنل آفیسران اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسران نے شرکت کی۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس کیلنڈر بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے اہم اقدامات کئے گئے ہیں اجلاس میں تمام افسران نے اس کا تفصیلی جائزہ لیا ہے جس کے بعد اس کو حتمی شکل دی گئی ہے، سپورٹس کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب سالانہ ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ منعقد کرائے گا جس میں پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو بھی شامل کیا جائے گا، اس چیمپئن شپ میں سکولوں کے طلبہ وطالبات بھی حصہ لیں گے، اس میں اولمپک گیمز میں شامل 34 کھیلوں کے مقابلے ضلع، ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر منعقد کرائے جائیں گے۔