ملتان(نامہ نگارخصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے اگر سی پیک پر گوسلو پالیسی اختیار کر لی تو یہ بہت خطر ناک اقدام ہے۔ گزشتہ چھ ماہ سے عملا پورے ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے غیر فعال اور انتہائی سست روی کا شکار ہیں۔ لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ بھی سلوکا شکار ہے اربوں روپے خرچ ہو چکے ہیں تاخیر سے مزید اربوں لگانا پڑیں گے ۔ حکومت خارجہ محاذ پر امریکی شاطرانہ چالوں کی اسیر نہ بنے اور پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت امریکی ایما پر پاکستان کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ بھارت امریکی مدد سے خطرناک جنگی جنون کا شکار ہو چکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان حالات کو مکمل سنجیدگی سے لیں اور پارلیمنٹ کے ذریعے خارجہ پالیسی، کشمیر پالیسی اور بھارتی عزائم کے مقابلہ کے لیے واضع ، دو ٹوک، باوقار اور جرات مندانہ حکمت عملی بنائیں ۔