نیویارک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی رکن کانگرس اور ایوان نمائندگان کی خارجہ امور اور مسلح افواج بارے کمیٹیوں کے رکن جوئے ولسن سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے مقابلے کے حوالے سے پاکستان کی استعداد میں اضافے کے لئے امریکی کانگرس کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے قیمتی انسانی جانوں اور وسائل کی قربانی دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پانسہ پلٹ دیا ہے۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ نے اس موقع جوئے ولسن کو وزیر اعظم عمران خان کے پرامن ہمسائیگی کے وژن سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ یہ موجودہ حکومت کے نمایاں ترین سماجی و اقتصادی منصوبوں کی کامیابی کے لئے ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ نے داخلی اورخارجہ پالیسی ترجیحات کی بھی وضاحت کی۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی میں نوجوان پاکستانیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے اس لئے حکومت کے وسیع ترقیاتی ایجنڈا میں نوجوانوں کو تعلیم، ملازمتوں اور مواقع کی فراہمی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ جوئے ولسن نے اس موقع پر وزیر خارجہ کو پاکستان کے عام انتخابات میں ان کی جماعت کی کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے خطے میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی کانگرس کے ایوان زیریں ایوان نمائندگان کے رکن جوئے ولسن کا تعلق ریاست ساﺅتھ کیرولائنا سے ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی کانگریس مین جوء ولسن کی ملاقات، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلقات کی خواہش کا اظہار
Sep 25, 2018 | 14:16