صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں رات گئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ریسٹورنٹس اور پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔فیصل ٹائون میں معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ یاسر بروسٹ کو بدترین صفائی پر سر بمہرجبکہ کوٹ لکھپت انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈان بریڈ اور سنی بریڈ بنانے والوں کو قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جر مانے عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور صوبائی وزیر خوراک کی سربراہی میں کوٹ لکھپت اور گردونواح میں ریسٹورنٹس اور پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کی۔فیصل ٹائون میں چیکنگ کے دوران معروف فاسٹ فوڈ پوائنٹ یاسر بروسٹ کوناقص اشیاء ،خراب آئل کے استعمال اور صفائی کے بد ترین انتظامات پر سیل کیا گیا۔مزید برآں کوٹ لکھپت میں ڈان بریڈ اور سنی بریڈ بنانے والے کو 2،2 لاکھ کے جرمانے عائد کر نے کے ساتھ ساتھ 3 دن کے وارننگ نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سنی بریڈ کوپروڈکشن ایریا میں اشیائے خورونوش کی تیاری کے ناقص عمل، کولڈ سٹور کا درجہ حرارت ذیادہ ہونے اورزنگ آلود فریزرز کے استعمال پر جر مانہ عائد کیا۔ڈان بریڈ کو تمام ورکرز کے میڈیکلز کی عدم دستیابی ، اشیائے خورونوش کی تیاری میں استعمال ہونے والے پانی کے ٹیسٹ ، فلٹرز کی تبدیلی کا ریکارڈ نہ ہو نے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانہ عائد کیا گیا۔بریڈ کا استعمال ناشتے،فاسٹ فوڈ اور دیگر اقسام کے پکوانوں میں کیا جاتاہے۔ناقص اور غیر معیاری بریڈنظام انہضام کو شدید متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کی متعدد بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔اس موقع پرصوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا کہنا تھا کہ بریڈ پروڈکشن یونٹس کے کام کے پیشِ نظر رات گئے چیکنگ کی گئی۔ان کامزید کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے بھی کام کرنا پڑا تو کریں گے۔وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق قوم کو بہترین خوراک مہیا کرنے کا مشن ہر صورت پوراکریں گے۔