لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ سانحہ چونیاں پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔5 بچے اغواء اور چار بچوں کو ہلاک کرنا افسوس ناک بات ہے ملک بھر میں بچوں کے اغواء اور تشدد کے واقعات میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے،آٹھ روز گزرنے کے باوجود ملزمان گرفتار نہ ہونا پنجاب حکومت پر سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہا جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے نظام معذور ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی قتل میں ملوث درندوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتی ہے۔ وہ چودھری منظور احمد کے ہمراہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بچوں کو انصاف نہ دیا تو قیامت والے دن ہمارا گریبان اور ان کے ہاتھ ہوں گے۔ اگر پہلے بچے کے اغواء پر ہی پولیس اپنا کردار ادا کرتی تو باقی بچے بچ جاتے ۔ پولیس اس گینگ کو فوری گرفتار کرے۔
چونیاں کے بچوں کو انصاف نہ ملا تو قیامت کے دن گریبان پکڑیں گے: کائرہ
Sep 25, 2019