کشمیر ایشو ، حریت قیادت ، آزاد کشمیر حکومت کو فرنٹ پر رکھیں ، دنیا ہماری مانے گی: فاروق حیدر

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نیوز رپورٹر) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان حکومت آزاد کشمیر اور حریت رہنمائوں کو آگے کرے، دنیا ہمارے موقف کو تسلیم کرے گی اور ہم بھارت کو شکست دے سکیں گے۔ ایسٹ تیمور اور جنوبی سوڈان کیوں الگ ہوئے جبکہ مظلوم کشمیری ابھی تک بھارتی تسلط سے آزادی حاصل نہیں کر پا رہے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیشنل افئیرز اور متحدہ علماء کونسل کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیا زاحمد اختر، اعجاز چوہدری، قمر الزمان کائرہ، مفتی منیب الرحمان، مجیب الرحمان شامی، امجد اسلام امجد، شمس الزماں، عبد الرشید ترابی، محمد مہدی، فرزانہ نذیر، الطاف حسن قریشی ، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، جاوید سمیع اور طلبا و طالبات و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان ہمیں فرنٹ پر رکھے اور ہماری مدد کرتا رہے، ہم بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کی مضبوطی چاہتے ہیں۔ ہمیں یہ سوچنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کس طرح کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ استصواب رائے کی بات کی ہے تاہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں نئی حکمت عملی اپنانی پڑے گی۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کسی بھی ملک نے بھارت کی حمایت نہیں کی۔ بھارت نے پاکستان کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے اور پاکستان بھارت کے عزائم کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ کشمیر کے معاملے پر تمام قوتوں کو مل کر آگے بڑھنا چاہئے اور حکومت سب کو ساتھ لے کر چلے۔ پاکستان امریکہ کو ثالث نہ بنائے کیونکہ اس کا جھکائو بھارت کی جانب ہے۔ بھارت کی سپریم کورٹ کبھی بھارت کے مفاد کے خلاف فیصلہ نہیں دے گی۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کے لفظ میں کشمیر کا کاف شامل ہے۔ اقوام عالم اصول کی بجائے اپنے مفادات دیکھتی ہیں اور مالی مفادات کی وجہ سے ممالک کا بھارت کی جانب جھکائو ہے۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ جامعہ پنجاب کے نوجوانوں نے کشمیر کی خاطر جانیں دی ہیں اور پاکستان کے نوجوانوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ مودی سرکار ہندوتوا کے فلسفے پر عمل کر رہی ہے۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ کشمیری عوام نے آئینی ترامیم کو تسلیم نہیں کیا۔ مسئلہ کشمیر کے اجاگر ہونے کے پیچھے کشمیریوں کی قربانیاں اور ان کا جذبہ ہے۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ قومی معاملات پر رہنمائی فراہم کرنے کے لئے پنجاب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جنگ ہم پر مسلط کر دی گئی ہے اب ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے۔ سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ مودی خود اپنے جال میں پھنس چکا ہے اور پوری دنیا میں بھارتی اقدام کے خلاف آواز بلند ہو رہی ہے۔ صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے مسئلہ کشمیر پر قرارداد پیش کی۔ قرارد اد میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

ای پیپر دی نیشن