امان اللہ قاسم بلامقابلہ اپٹما کے مرکزی چیئرمین منتخب

Sep 25, 2019

لاہور (کامرس رپورٹر ) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما ) کے انتخابات 2019-20ء میں امان اللہ قاسم بلا مقابلہ مرکزی چیئرمین منتخب ہو گئے۔ یہ اعلان اپٹما کے انتخابات کیلئے مقرر کردہ چیئرمین الیکشن کمیشن شاہد مظہر نے کیا۔ انہوں نے دیگر عہدیداروں کا بھی بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ جن میں رحمان نسیم سینئر وائس چیئرمین، نوید احمد وائس چیئرمین (برائے سندھ، بلوچستان) اور تیمور شاہ وائس چیئرمین ( برائے خیبر پختوانخواہ ریجن ) منتخب قرار پائے۔ اس موقع پر نو منتخب چیئرمین اپٹما امان اللہ قاسم نے کہا کہ اپٹما پوری ویلیو چین کی نمائندہ ہے اور تمام شعبوں کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔ گروپ لیڈراپٹما اعجاز گوہر نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

مزیدخبریں