ٹرمپ کا بیان عمران اور پاکستان پر اعتماد ہے: فردوس عاشق

Sep 25, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان وزیراعظم عمران خان اور پاکستان پر اعتماد ہے، وزیراعظم نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، علاقائی امن و سلامتی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ ٹویٹ میں فردوس عاشق نے وزیراعظم موثر انداز سے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کر رہے ہیں، وزیراعظم کی مختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتوں کا محور تنازعہ کشمیر تھا، 80 لاکھ کشمیری مقبوضہ وادی میں محصور ہیں، عمران خان نے دنیا کو باور کرایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ اعداد وشمار اکٹھے کرنے کے بعد زلزلہ متاثرین کی مالی معاونت کا اعلان کیا جائے گا ، بھارت نے مقبوضہ وادی میں نہتے عوام پر مظالم کی انتہا کر رکھی ہے، بہت جلد دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ وزیراعظم کی زیرقیادت بے نقاب ہوگا، کشمیر کی آزادی تک مقبوضہ وادی کے نہتے عوام کی سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر کے بچوں کو مظالم سے نجات دلانے کیلئے متعلقہ عالمی ادارے کردار ادا کریں ،کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے بچوں کے ساتھ دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں جو لوگ محصور ہیں، ان کو آزادی حاصل ہونی چاہیے۔کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ نشتر کالونی کے علاقہ آشیانہ روڈ پر زلزلہ سے گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ 4 بچے زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شام مسلم پارک آشیانہ روڈ پر طارق نامی شخص کے گھر کی چھت زلزلے کے جھٹکوں کے باعث گر گئی، جسکے نیچے دب کر اسکی سات سالہ فاطمہ طارق ھلاک ہو گئی جبکہ 19سالہ معراج طارق۔ رابعہ شبیر 5سالہ اور 7سالہ حسیب شبیر زخمی ہو گئے۔ اہل محلہ اور ریسکیو نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچایا۔

مزیدخبریں