کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیب نے مجھے وقت دے دیا ہے، نیب نے 24 ستمبر کو طلب کیا تھا، تاہم اس کے سوال نامے میں بعض آئینی ایشوز ہیں جن کا مجھے تفصیلی جواب لکھ کر اس معاملے کو مستقل حل کرنا ہے۔ وہ گزشتہ شب شہر میں صفائی کے جائزے کے لیے اپنے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے نیب کو خط لکھا تھا اور درخواست کی تھی کہ مجھے مہلت دی جائے، نیب نے گزشتہ شام وقت دینے کی اطلاع دے دی ہے۔ واضح رہے کہ نیب حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو 24 ستمبر کو راولپنڈی طلب کیا گیا تھا، جس کے لیے انہوں نے مہلت مانگی تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور حکومت سندھ کی جانب سے شروع کی جانے والی صفائی مہم ’کلین مائے کراچی‘ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء سعید غنی، سید ناصر شاہ، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی تھے۔
نیب نے مجھے وقت دے دیا، تفصیلی جواب لکھ کر معاملہ مستقل حل کرنا ہے: مراد علی شاہ
Sep 25, 2019