کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نیب ٹیم ایک بار پھر لیاقت قائم خانی کے گھر پہنچ گئی۔ نیب کی ٹیم کو ایک لاکر کھولنے میں ناکامی ہوئی۔ نیب کی ٹیم 5 گھنٹے سے وہاں موجود رہی اور رات گئے تک وہیں تھی۔ لاکر پر زور آزمائی کرتے ہوئے دو سے 3 بار ڈرل مشین کی بٹ بھی ٹوٹ گئی۔ نیب ٹیم نے کہا ہے کہ اتنا فولادی اور مضبوط لاکر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ تفتیش میں لیاقت قائم خانی نے دوسرے لاکر کے پاس ورڈ اپنے بھائی کو پتہ ہونے کا انکشاف کیا تھا تاہم ملزم کا بھائی اور اہل خانہ معاملے پر لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ نیب حکام کی جانب سے لاکر کھولنے کی سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ڈرل مشین کے ذریعے بھی لاکر توڑنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔
نیب ٹیم قائم خانی کے گھر دوسرا لاکر نہ کھول سکی، ڈرل مشین ٹوٹ گئی
Sep 25, 2019