وزیراعظم آزادکشمیرکا زلزلے سے متاثرہ علاقوں کادورہ

Sep 25, 2019 | 16:50

ویب ڈیسک

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے کاموں کی خود نگرانی شروع کردی۔ وزیراعظم نے جاتلاں،موڑہ کیکری ،ساہنگ، پل منڈا، کھڑی شریف اوردیگرمتاثرہ علاقوں کادورہ کیااورزلزلہ سے متاثرہونے والی املاک کے نقصانات کاجائزہ لیا۔ وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی ان کے ہمراہ وزیر ہائیڈرو پاورڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری رخسار احمد، وزیرتعلیم کالجز کرنل (ر)وقاراحمدنور، وزیرزراعت واسماء چوہدری مسعود خالد، وزیرسماجی بہبودمصطفی بشیر،وزیرصحت نجیب نقی،وزیرشہری دفاع،ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی وریسکیو1122  احمدرضاقادری ، ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور ریسکیوافسران بھی موجو دتھے۔وزیراعظم نے ہسپتال انتظامیہ کوہدایت کی کہ زخمیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انھوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی۔ اس سے قبل انھوں نے ڈپٹی کمشنر میرپورقیصراورنگزیب خان سے زلزلہ کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصانات پرتفصیلی بریفنگ لی۔ انھوں نے انتظامیہ کوحکم دیاکہ متاثرہ علاقوں میں امداد اوربحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے اور اس کے لیے ہرممکن وسائل بروئے کارلائے جائیں۔ انھوں نے تمام محکمہ جات کے افسران کوحکم دیاکہ زلزلہ متاثرین کی پریشانی جنگی بنیادوں پردورکی جائے۔ ہمارے افسران اور سٹاف میں کام کی بھرپورصلاحیت ہے۔ وہ اپنی پوری دلجمی سے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی خدمت کریں۔ اس سلسلہ میں کوئی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر گزشتہ روز میرپور میں زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کی اطلاع ملتے ہی لاہور سے میرپور پہنچ گئے تھے ۔

مزیدخبریں