اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) کووڈ۔19 کی وبا کے باعث اقتصادی سست روی کے نتیجہ میں 2021 کے اختتام تک مجموعی عالمی پیداوار کو 12 کھرب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔ اقتصادی شرح نمو میں کمی کے علاوہ بے روزگاری میں بھی اضافہ متوقع ہے اور بعض ترقی یافتہ ممالک میں بے روزگاری کی شرح دوہرے ہندسے تک بڑھ جائے گی۔ یونائٹڈ نیشنز کانفرنس آن ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ (یو این سی ٹی اے ڈی) کی " دی ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ رپورٹ2020 " (ٹی دی آر 2020) میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معاشی بحالی کے لئے عالمی سطح پر جرأت مند اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس کے تحت مربوط میکرو اکنامک پھیلائو پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور کارکنوں کی اجرت میں اضافہ کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ عالمی سطح پرمعاشی بحالی کے لئے شفاف توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور ٹرانسپورٹ کے پائیدار نظام پر بھاری سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔ مزید برآں دنیا بھر میں مالیاتی پالیسیز سے بھرپور استفادہ کے لئے میکرواکنامک استحکام اور جامع و مربوط صنعتی پالیسیوں کے تحت ترقیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔
بین الاقوامی معاشی بحالی کیلئے عالمی سطح پر جرأت مند اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے : اقوام متحدہ
Sep 25, 2020