نیب تحقیقات میں تعاون کریں:  سندھ ہائیکورٹ‘ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت منظور

Sep 25, 2020

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی اور نیب کی تحقیقات میں تعاون کرنے کا حکم دے دیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو ایک اور انکوائری میں طلب کیا، جس کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے قائم علی شاہ نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔ سندھ ہائی کورٹ میں قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ وکیل ضمیر گھمرو کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل ضمیر گھمرو ایڈووکیٹ نے بتایا کہ نیب نے قائم علی شاہ کو کال اپ نوٹس جاری کیا ہے، جس میں انہیں 25 ستمبر کو بلایا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے 5لاکھ روپے ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے سپیشل پبلک پراسیکیوٹرنیب کو 15 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کردئیے۔خیال رہے نیب قائم علی شاہ کیخلاف کالجز کو جاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے، قائم علی شاہ پر کندھ کوٹ میں کالج کی زمین پرائیوٹ پارٹی کودینے کا الزام ہے۔

مزیدخبریں