اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کامیابی کے ساتھ کوویڈ19- کے پھیلاؤ کوروکا ہے۔ صدر گزشتہ روز شمالی یورپ میں ڈاکٹروں کی تنظیم سے وڈیولنک خطاب کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اور غریب طبقہ کی مدد کے لیے حکومت کی طرف سے دئیے گئے پیکجز نے معجزہ کر دکھایا ہے۔ صدر نے کہا کہ بھارت میں اس وقت روزانہ نو ہزار کورونا کے کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ کورونا کے دوران مساجد کو کھلا رکھا گیا ہے۔ صدر نے کہا کہ نیشنل کمان اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی نے کورونا سے نمٹنے کے لیے انتہائی موثر کردار ادا کیا۔ صدر نے کورونا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کو علاج سے زیادہ اہم قرار دیا۔ دریں اثناء صدر نے گزشتہ روز تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے اور روک تھام سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکنا اور نئی نسل کو منشیات سے بچانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ وزارت انسداد منشیات نے ایوان صدر میں منعقد ہونے والے اجلاس کو بریفنگ دی اجلاس میں وفاقی وزراء ‘ سینیٹر اعظم خان سواتی‘ شہریار آفریدی‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت پنجاب‘ سندھ‘ خیبرپختونخوا اور گلگت وبلتستان کے گورنروں نے بھی شرکت کی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے لیے وائس چانسلرزکا اجلاس بھی جلد طلب کیا جائے گا۔
سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کامیابی کیساتھ کوویڈ19- کے پھیلاؤ کوروکا ، عارف علوی
Sep 25, 2020