کرکٹ بحالی میں پاکستان کی مدد کرنیوالے آسٹریلوی کھلاڑی ڈین جونز چل بسے 

Sep 25, 2020

لاہور (سپورٹس ڈیسک) کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے۔ وہ ان دنوں بھارتی شہر ممبئی میں تھے جہاں ان کو دل کا دورہ پڑا۔ ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی۔ ڈین جونز 1987 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے ممبر تھے۔آسٹریلوی کھلاڑی ڈین جونز کو پاکستان کرکٹ سے بھی خاص لگاؤ تھا اور پاکستان میں کرکٹ بحالی کیلئے بھی مدد کی تھی۔ پاکستان سپر لیگ میں نہ صرف انہوں نے کوچنگ کے فرائض انجام دیئے بلکہ متعدد بار پاکستان کا دورہ کرکے بین الاقوامی ٹیموں کو پیغام بھی دیا کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ میں ابتدائی طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ سے بحیثیت کوچ منسلک رہے تاہم بعد میں انہوں نے کراچی کنگز کے کوچنگ سٹاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ واضح رہے کہ ڈین جونز نے 52 ٹیسٹ میں 3631 رنز بنائے جس میں 11 سنچریاں شامل ہیں جبکہ انہوں نے 164 ایک روزہ میچز میں 6063 رنز بنائے جس میں 7 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ڈین جونز کی ناگہانی موت کو دنیائے کرکٹ کا بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے اور اہل خانہ کے ساتھ کرکٹ بورڈز، سابق اور موجودہ کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز نے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی کھلاڑیوں نے بھی آنجہانی کوچ کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پروفیسر ڈینو کے انتقال پر کہنے کیلئے الفاظ نہیں، وہ ایک شفیق انسان، دوست اور استاد تھے۔ لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل میں جونز کی کمی محسوس ہوگی، ان کیساتھ اچھا وقت گزرا۔ سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر پر یقین نہیں آرہا، وہ شاندار کرکٹر، تجربہ کار کوچ اور ملنسار انسان تھے۔ پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے کہا کہ ڈین جونز ایک عظیم کرکٹر تھے ان کے انتقال پر دکھ ہوا۔ ڈین جونز کے ساتھ کافی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر پر بہت دکھ ہوا، وہ بہت ہی نفیس انسان تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے لکھا کہ ڈین جونز نے اپنے دلکش سٹروک اور عمدہ فیلڈنگ سے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیتے، ان کے انتقال کا بہت افسوس ہوا۔

مزیدخبریں