لاہور (نمائندہ سپورٹس) ماہر غذائیت ڈاکٹر سحر چاولہ کا کہنا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی تمام فیڈریشنز کو مستقل بنیادوں پر اچھی غذا کے حوالے سے لیکچرز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دوڑنے والے اتھلیٹس اور وزن اٹھانے والے اتھلیٹس کی ٹریننگ مختلف ہے۔ اسی طرح ان کی غذائی ضروریات بھی مختلف ہیں۔ بہترین نتائج کے لئے بہترین غذا کا ہونا نہایت اہم ہے۔ اتھلیٹس اسی ماحول میں پلتے بڑھتے ہیں تو غیر ذمہ دار رویئے کیساتھ ہی کھیل اور ٹریننگ جاری رکھتے ہیں۔ کھلاڑیوں میں یہ شعور پیدا کرنا ضروری ہے کہ ٹریننگ کی طرح مناسب غذا بھی اہمیت رکھتی ہے حتی کہ میچ یا ایونٹ سے پہلے تک کی خوراک کا پلان تیار کرنا اور عمل کرنا ضروری ہے۔ غذائی ضروریات کو پورا کئے بغیر اور اسے مستقل بنیادوں پر معمول کا حصہ بنائے بغیر دنیا کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔