کرونا:مزید50جاں بحق،2233مریض،کراچی،ویکسین نہ لگوانے پر2افراد گرفتار

اسلام آباد ‘کراچی(وقائع نگار ) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید  50 افراد جاں بحق ہو نے  کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 789 ہوگئی،2 ہزار 233 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 34 ہزار 828 ہوگئی۔  جمعہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 4 لاکھ 26 ہزار 639، سندھ میں 4 لاکھ 53 ہزار 858، خیبر پی کے میں ایک لاکھ 72 ہزار 498، بلوچستان میں 32 ہزار 828، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 286، اسلام آباد میں ایک لاکھ 4 ہزار 764 جبکہ آزاد کشمیر میں 33 ہزار 955 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 91 لاکھ 2 ہزار 117 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 788 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 لاکھ 46 ہزار 394 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 409 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب  صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کووڈ ویکسین نہ لگوانے والے 2 افراد کو گرفتار کر کے وبائی امراض ایکٹ 2014 کے تحت مقد مہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف پولیس کارروائیوں کا آغاز ہوگیا، سہراب گوٹھ پولیس نے ویکسین نہ لگانے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہے جبکہ مقدمہ وبائی امراض ایکٹ 2014 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن