لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اپنی دعوت پر 9 اکتوبر کو گورنر ہاؤس میں ہونے والے کرکٹ ٹاکرہ میں شرکت سے انکار پر اپنے ردعمل میں کہا ہے مسلم لیگ ن نیوزی لینڈ اور برطانیہ کی کرکٹ ٹیموں کی طرح سازش کا شکار ہو کر ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کی تکمیل کا باعث نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بنچز نے پاکستان سے عالمی کرکٹ ٹیموں کی واپسی پر عوام کا مورال بلند کرنے کے لیے ایک مثبت قدم اٹھایا تھا لیکن مسلم لیگ ن کے منفی رویے سے پاکستان بھر کے شائقین کرکٹ کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے ہر پاکستانی بالخصوص تمام پارلیمینٹیرینز کو کردار ادا کرنا چاہئے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ ہم نے رانا مشہود احمد کی جانب سے علی حیدر گیلانی کو دیئے گئے پیغام کا احترام کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف کو بطور مہمان خصوصی بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔