کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع خاران میںفرنٹیر کور اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے2کمانڈروں سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان ساوتھ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خاران کے قریب چھاپہ مارا تو ایک ٹھکانے میں موجود دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی فورسز کی جوابی کارروائی میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 2 کمانڈروں گل میرعرف پھلین اور کلیم اللہ بولانی سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا دوسری جانب تربت میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران گوادر میں خودکش حملے کے سہولت کاروں سمیت 3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ دہشت گردوں نے گوادر پی سی ہوٹل حملے سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ روز سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے تربت بازار میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے مبینہ دہشت گرد کی موجودگی کی پر ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کر شعیب ولد عزت اللہ ساکن گوادر کو گرفتار کرلیا ملزم کی نشاندہی پر عارف ولد درمحمد عرف درا سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینڈ، 2 ڈیٹونیٹر، 2 پرائما کارڈ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ تربت میں عوامی مقامات، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے دوران تفتیش عارف ولد در محمد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گوادرمیں چینی انجینئرز پر خود کش حملے میں بھی ملوث تھا جس میں بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک چینی انجینئر زخمی ہواتھا ملزم نے تفتیشی اداروں کو بتایا رسول بخش ولد شیران اس حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے جو ایران کے علاقے چاہ بہار میں ہے۔