قومی اسمبلی : حکومت پانچویں روز بھی کورم پورا کرنے میں نا کام ، ہیپاٹائٹس سی کیخلاف مہم کا فیصلہ 

Sep 25, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں حکومت پانچویں روز بھی پورا کر نے میں ناکام رہی۔ اجلاس پیر کی شام پانچ تک ملتوی کر دیا گیا۔ جمعہ کو اجلاس شروع ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) کے رکن کھیل داس کوہستانی نے کورم کی نشاندہی کردی۔ اپوزیشن ارکان ایوان سے نکل گئے۔ اس دوران حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی۔ جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔  قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2021 میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد کو 13.257 ملین روپے کی امداد فراہم کی گئی جبکہ اقلیتی طالب علموں کو47 ملین روپے کے وظائف فراہم کئے گئے۔ گرانٹ کی بالائی حد5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ سال 2020 میں اسلام آباد میں قریباً ایک لاکھ 47 ہزار 567 افراد ہیپاٹائٹس سے متاثرہ ہیں۔  حکومت  ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کے پروگرام کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ ملک کی تمام اہل آبادی کا معائنہ کیا جائے گا اور ایچ سی وی پازیٹیو مریضوں کو مفت ٹیسٹ اور علاج کی سہولت فراہم ہوگی۔  وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کی جانب سے ایوان کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ اسٹیٹ آفس اسلام آباد کے زیر انتظام ایف ٹائپ کے کل 210 فلیٹ ہیں جبکہ1266 ملازمین جنرل ویٹنگ لسٹ میں رجسٹرڈ ہیں۔ ریل گاڑیوں کو تجارتی نظم و نسق صاف اور شفاف بولی کے عمل کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پرائیویٹ پارٹنرز کو ٹھیکہ پر دیا گیا ہے۔ ان میں مہر ایکسپریس، فرید ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس، جناح ایکسپریس، مہران ایکسپریس، بدر ایکسپریس، سرسید ایکسپریس، غوری ایکسپریس اور میانوالی ایکسپریس شامل ہیں۔  کچلاک سڑک منصوبہ کوئٹہ کے مقام پر فلیٹس کی تعمیر جاری ہے۔ 2023ء میں منصوبہ کی تکمیل پر عام نیلامی کے ذریعے کمرشل علاقہ الگ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں