نوازشریف اراضی نیلامی‘ 11 سو 28 کنال زمین کا تخمینہ 4 ارب  15 کروڑ 

Sep 25, 2021

لاہور(سٹی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے)  مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اراضی کی نیلامی کے لئے بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی نے 11سو 28کنال زمین کا تخمینہ چار ارب 15کروڑ روپے لگا دیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے میٹنگ منٹس جاری کر دیئے۔ سابق وزیر اعظم کی تین جائیدادوں کی نیلامی کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ 11سو 28کنال اراضی کا تخمینہ لگا کر تین کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ موضع میاں میر، مانک اور بدوکی ثانی کی جائیدادیں چند روز میں نیلام ہونے کا امکان ہے۔ موضع میاں میر 135 اپر مال پر واقع دو کنال 8 مرلہ کمرشل پلاٹ کا تخمینہ 20کروڑ 48لاکھ 32ہزار روپے میں نیلامی کا فیصلہ کیا گیاہے۔ موضع مانک کی 936 کنال 10 مرلہ زرعی اراضی کی نیلامی 3ارب 4کروڑ میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ موضع بدوکی ثانی میں 279 کنال زرعی اراضی کی نیلامی 91کروڑ 34لاکھ روپے میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیب کورٹ کے حکم پر نیلامی کے کیلئے تین کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ علاوہ ازیں لاہور کی سول عدالت نے  پنجاب حکومت کی جانب سے جاتی  امراء اراضی انتقال منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے عدالتی نوٹسز موصول نہ کرنے پر مریم نواز کے گھر کے باہر نوٹس آویزاں کرکے تصویر بناکر عدالت پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے تعمیل کنندہ کو احکامات جاری کردیے۔ دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مریم نواز کی رہائش گاہ پر نوٹسز موصول نہیں کیے جا رہے جس پر عدالت نے پیشی نوٹس پر تعمیل  کے لئے احکامات جاری کئے۔ سول جج محمد عمران عاشق نے شریف خاندان کی طرف سے یوسف عباس کی درخواست پر سماعت کی جس میں جاتی  امراء کی  127کنال اراضی کے انتقال منسوخی کو چیلنج کیا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جاتی عمرہ اراضی کیخلاف سیاسی بنیادوں پر حکومت کارروائی کرنا چاہتی ہے۔

مزیدخبریں