اندرون سندھ بارشوں نے تباہی مچادی، آسمانی بجلی گرنے سے چرواہا جا ں بحق

جھڈو/گولارچی/گجری(نامہ نگاران)اندرون سندھ شدید بارشوں نے تباہی پھیلا دی۔تفصیلات کے مطابق جھڈو اور گردونواح میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا, وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش سے شہر کی سڑکیں اور تمام نشیبی علاقے زیر آب آگئے, بارش سے مرچ, کپاس, ٹماٹر اور نوزائیدہ پیاز، سرسوں، سونف سمیت دیگر فصلیں زیر آب آگئیں اور پانی کی نکاسی نہ ہونے سے ان فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،کھیتوں میں چنائی کے لیے تیار ہزاروں من کپاس بارش سے خراب ہوگئی جبکہ میدانوں میں سوکھنے کے لیے رکھی ہوئی سینکڑوں من مرچ بھی برسات کے پانی میں بہہ گئیں، گذشتہ روز زیریں سندھ میں وقفے وقفے سے ہونے والی تیز برسات نے آبادگاروں کو بھاری مالی نقصان سے دوچار کردیا، حسب معمول برسات شروع ہونے سے قبل منقطع ہونے والی بجلی کی سپلائی 7 بجے شام تک بحال نہ ہو سکی ہے۔گجری سے نامہ نگار کے مطابق گجری ورکشاپ گردونواہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے بعد حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسم خوشگوار ہوگیا نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ نشیبی علاقے زرآب آگئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا مواصلاتی نظام درم برہم ہو گیا بارش کی پہلی بوند گرتے ہی حسب روایت بجلی بند ہوگئی۔گولارچی سے نامہ نگار کے مطابق گولارچی کی ساحلی پٹی کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ زور دار برسات آسمانی بجلی کی زد میں آ کر ایک نوجوان چرواہا جاں بحق ہوگیا تفصیلات کے مطابق ساحلی پٹی سمیت تعلقہ گولارچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث گولارچی کے متعدد دیہی علاقوں کے راستے اور نشیبی حصے پانی میں ڈوب گئے جبکہ اس دوران آسمانی بجلی گرنے سے چک نمبر 57 میں سولہ سالہ چرواہا پنھوں ولد گلو مندھرو جاں بحق ہوگیا ۔

ای پیپر دی نیشن