کراچی (نیوز رپورٹر) سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا ہے کہ متعدد شعبہ جات کا تعلق براہ راست اپلائیڈ فزکس اور انجینئرنگ سے ہے۔ تمام آلات کی تیاری میں فزکس کے قوانین استعمال کئے جاتے ہیں۔ ہم کوئی بھی نظام اورآلات اس وقت تک تیار نہیں کرسکتے جب تک ہم فزکس کے قوانین کے متعلق خاطر خواہ معلومات نہ رکھتے ہوں۔ فزیکل قوانین کو سمجھنا بہت اہم ہے۔ یہ بات انھوں نے این ای ڈی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک سے اپلائیڈ فزکس اور انجینئرنگ کے موضوع پر منعقد ہونے والی پہلی دو روزہ آن لائن انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا مقصدتعلیمی اور صنعتی اداروں کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرکے بین الاقوامی سطح پر ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں پرمتعلقہ شعبہ جات کے ماہرین اپنا تحقیقی کام اور تجربہ شیئر کرسکیں۔ یہ نوجوان سائنسدانوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہوگی اور انھیں اپلائیڈ فزکس اور انجینئرنگ کے شعبہ میں مشترکہ ریسرچ کا موقع فراہم کرے گی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین فیضان منصور اور مہمانِ اعزازی نیشنل سینٹر فار فزکس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ حورانی تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے این ای ڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ فزکس معاشرے کے ہر پہلو پر اثر انداز ہوتی ہے جبکہ انجینئرنگ کا انحصار فزکس پر ہے۔ جامعات کو دنیا بھر میں اپلائیڈ فزکس پر کانفرنسوں کا اہتمام کرنا چاہئے تاکہ تعلیمی اداروں اور پروفیشنلز کو اپلائیڈ فزکس کی اہمیت کا ادراک ہو سکے۔پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین فیضان منصور نے کہا کہ ایسے تعلیمی سیشن جس سے سماج میں بہتری آئے ضرور منعقد کئے جانے چاہئے۔ نیشنل سینٹر فار فزکس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ حورانی نے کہا کہ ہم این ای ڈی کے انجینئرز کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ادارے میں آکر ریسرچ کریں۔ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد دنیا بھر کے ریسرچرز کو ایک جگہ اکھٹے کرنا تھا تاکہ وہ طبیعات اور انجینئرنگ سے متعلق اپنے قیمتی آئیڈیاز کا ایک دوسرے سے تبادلہ کر سکیں۔ یہ اعلیٰ سطح کی تحقیق کو فروغ دیتا ہے۔شعبہ الیکڑک انجینئرنگ کی چیئرمین ڈاکٹر لبنیٰ فرحی نے بطور کانفرنس چیئر کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے کانفرنس کا انعقاد بروقت ہے۔ میں این ای ڈی کے پلیٹ فارم سے پروفیشنلز کے ساتھ نئے رجحانات اور نیٹ ورک کے بارے میں جاننے کے منفرد موقع کی منتظر ہوں۔