کراچی (وقائع نگار) ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی کراچی،ایڈیشنل کمشنر کراچی،ڈائریکٹر آئی بی، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی پی ٹریفک، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ،اجلاس کے دوران قانون نافذکرنے والے اداروں نے صوبے بھرمیں چہلم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے چہلم کے حوالے سے مشترکہ فلیگ مارچ اوراسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ تمام مکاتب فکر کے اجتماعات، مجالس اورجلوسوں کے داخلی وخارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کرونا کی روک تھام کے حوالے سے حکو مت سندھ کی جاری کر دہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا یا جا ئے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زْور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دئیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جا ئے گااور اس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گااس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علمائ کرام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ چہلم کے دوران صوبے بھر میں امن وامان قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
چہلم امام حسین ؓ ، پاکستان رینجر ز ہیڈ کواٹرز میں اعلی سطحی اجلاس
Sep 25, 2021