گوگل نے معذور افراد کے لیے اینڈرائیڈ فون کے2 نئے ٹول متعارف کرا دیئے

Sep 25, 2021 | 18:02

ویب ڈیسک

گوگل نے معذور افراد کے لیے اینڈرائیڈ فون کے2نئے ٹول متعارف کرا د یئے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنے چہرے کے تاثرات کو تبدیل کرتے ہوئے اینڈرائیڈ فونز استعمال کر سکیں گے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز گوگل نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ انہوں نے 2نئے ٹول متعارف کروائے ہیں جو کہ مشین لرننگ اور اسمارٹ فون کے فرنٹ کیمرا کی مدد سے صارفین کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکت کاپتا لگاتے ہیں جس کے نتیجے میں اب قوتِ گویائی سے محروم اور جسمانی طور پر معذور افراد اپنی بھوئیں اٹھا کر یا مسکرا کر ہاتھ کا استعمال کیے بغیر ہی اپنے اسمارٹ فونز چلا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سہولت سے صارفین مسکراتے ہوئے، بھنویں اٹھا کر، منہ کھول کر یا دائیں، بائیں، اوپر اور نیچے دیکھ کر کوئی بھی آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ کے صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں6 کروڑ 10 لاکھ افراد جسمانی معذوری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اوراس اعداد و شمار نے گوگل، ایپل اور مائیکروسافٹ جیسی بڑی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایسی پروڈکٹس بنانے پر مجبور کر دیا ہے جو معذوروں کے لئے زیادہ قابلِ رسائی ہوں۔

مزیدخبریں