لاہور؍ سیالکوٹ (نیوز رپورٹر+ سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بیرون ملک سے ملنے والی امداد کا ایک پیسہ تک نہیں دیا۔ پنجاب حکومت کو شیخ النہیان اور دیگر حکمرانوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد ملی۔ عمران خان کے ساتھ میں نے ٹیلی تھون کی اور اڑھائی ارب روپیہ اکٹھا کیا جو ہم تمام صوبوں کے سیلاب متاثرین کو دے رہے ہیں۔ افسوس ہوتا ہے کہ شہباز شریف باہر جا کر کہتا ہے میں پیسے تو نہیں مانگنے آیا لیکن پھر بڑے طریقے سے مانگتے ہیں اور صرف مانگنے کا کام ہی انہیں آتا ہے۔ شہباز شریف کو مانگنے کا شوق ہے اور اس نے اب واپسی کا ٹکٹ بھی مانگ لینا ہے۔ سب سے زیادہ جھوٹ صرف شریف خاندان بولتا ہے۔ شہباز شریف نے اپنے دور میں ایک بھی پائیدار کام نہیں کیا۔ لوگوں کی خواہشیں بہت ہیں اور ن لیگ والے بہت بیان دیتے ہیں۔ یہ سن لیں، اللہ تعالی نے پنجاب کی حکومت مجھے دی ہے۔ شریف خاندان تکبر کے مارے ہوئے ہیں، یہ پنجاب کی حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ سب نے ٹوپی ڈرامہ لگا رکھا تھا کہ شہباز شریف آگیا، لیکن شہباز شریف بری طرح ایکسپوز ہوا ہے۔ کبھی شہباز شریف اپنے مفرور بھائی کو ملنے لندن چلا جاتا ہے۔ مفرور بھائی کو آنے تو دیں، وہ آتے ہی پکڑا جائے گا۔ شریف خاندان پر کیس عمران خان کی حکومت کے دور میں نہیں بنے، یہ اس سے پہلے کے ہیں۔شہباز شریف اور شریف خاندان کو تکبر کی مار پڑ رہی ہے۔ ان لوگو ں نے تکبر کے باعث اپنا یہ حال کیا ہے۔ آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا ٹکٹ نہیں بکے گا، یہ اپنا ٹکٹ اپنے پاس سنبھال کر رکھیں۔ ٹکٹ بکے گا تو صرف اور صرف عمران خان کا۔ شہباز شریف نے آ کر ملک کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ لوگ گیس اور بجلی کے بل جلا رہے ہیں۔ حکومت کے لالچ میں شریف خاندان اور پی ڈی ایم نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کا روزانہ اربوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ عوام کی خدمت اور عام آدمی کے مسائل حل کرنا میرا مشن ہے۔ میں نے ہمیشہ غریب آدمی کی بہتری کا سوچا ہے اور اسی کیلئے کام کیا ہے۔ شہباز شریف کوئی بھی اپنا ایسا کام دکھا دیں جو پائیدار ہو۔ ہمارا اور آپ کا لیڈر عمران خان نیک نیت آدمی ہے۔ عمران خان میں جذبہ ہے اور عمل کرنے کی ہمت ہے۔ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا نقشہ بدلے گا۔ عمران خان کی قیادت میں وہ کام ہوں گے جو پاکستان میں کبھی نہیں ہوئے۔ چودھری پرویز الٰہی آج پسرور سیالکوٹ روڈ پر گرینڈ ایشین یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں ایک لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں میں ملازمتیں دی جائیں گی۔ پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع کے سکولوں میں جانے والی بچیوں کیلئے وظیفے میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو سکول جانے پر وظیفے کی رقم بڑھا دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب بھر میں بی اے تک مفت تعلیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے صوبے میں بی اے تک کتابیں بھی فری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکول سے یونیورسٹی تک ناظرہ قرآن پاک کی تعلیم لازم قرار دی ہے اور ایف اے تک ترجمے کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کو اب لازم قرار دیا ہے۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق نئی نسل کو دین اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرا رہے ہیں۔ چودھری مقصود ہمارے ایم این اے کے امیدوار ہوں گے اور ہم انہیں سپورٹ کریں گے۔ رانا نذیر گوجرانوالہ سے الیکشن لڑیں گے اور باؤ صدیق بھی ہمارے امیدوار ہوں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیالکوٹ پسرور روڈ کو دو رویہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے دیں گے۔ سیالکوٹ کو آج ڈیڑھ ارب روپے کے منصوبے دیئے ہیں جو جلد مکمل ہوں گے۔ کسانوں کو سولر پمپس دیں گے اور بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں عوام کی بڑھتی شکایات کا سخت نوٹس لیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ وزیراعلیٰ اور مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے پلان پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ سردار عثمان بزدار نے متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ پرویز الٰہی نے روزنامہ جنگ لاہور کے چیف رپورٹر و سینئر صحافی مقصود احمد بٹ کے بڑے بیٹے عاصم عزیز بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان ، نواز شریف نے واپس آتے ہی پکڑے جانا ہے : پرویزالٰہی
Sep 25, 2022