لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے سروسز ہسپتال انتظامیہ کو فراہمیِ صحت کے کم از کم معیارات پر عملدرآمد نہ کرنے پر مزید کارروائی کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔ نوٹس کے مطابق انتظامیہ کو تعمیلِ شواہد کے ساتھ مقررہ وقت پر پی ایچ سی کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کمشن نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی خصوصی انسپیکشنز کیں جوکہ معیارات کے مسلسل نفاذ کا جائزہ لینے کےلئے کی جاتی ہیں۔ ان شعبہ جات میں ایمرجنسی اور اس کے آپریشن تھیٹرز، بلڈ بنک اور ڈینگی مینجمنٹ کے علاوہ ہسپتال کا مجموعی معائنہ بھی شامل تھا۔ معائنہ کے دوران متعدی اور غیر متعدی فضلہ کی آمیزش، ہسپتال کے کئی حصوں میں لٹکتی ہوئی ڈھیلی تاریں اور نکاسیِ آب و صفائی کا انتہائی ناقص انتظام پاگیا۔ دوسری جانب ہسپتال کے فضلہ کو کھلے آسمان تلے رکھا گیا تھا اور ییلو روم بھی غیرفعال تھا جبکہ مچھروں کی ممکنہ افزائش کی کئی جگہیں بھی دیکھی گئیں۔ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں معائنہ کرنے والی ٹیم نے ایمرجنسی ایس او پیز پر عدم توجہی اور عدم عملدرآمد پایا۔ اس کے آپریشن تھیٹرز میں عام لوگ آزادانہ گھوم رہے تھے اور سنٹرل ایئر کنڈیشن مکمل طور پر فعال نہ ہونے کی وجہ سے سرجری کھلے دروازوں کی جا رہی تھی۔ ناقص صفائی کے علاوہ سویب کلچر کی رپورٹس معائنہ کے وقت دستیاب نہیں تھیں۔ بلڈ بنک میں خون کی منتقلی کے لیے رضامندی کے نامکمل فارم پائے گئے جبکہ انسپکشن کے وقت ٹرانسفیوژن ری ایکشن رجسٹر بھی دستیاب نہیں تھا۔
لٹکتے تار‘ غیر فعال ییلو روم: پنجاب ہیلتھ کمشن کا سروسز ہسپتال انتظامیہ کو نوٹس
Sep 25, 2022