نیویارک‘کیف (نیٹ نیوز+این این آئی )روس یوکرائن جنگ نے پوری دنیا کو ہلاکر رکھ دیا، امریکہ نے شرح سود میں مسلسل تیسری مرتبہ اضافہ کردیا جبکہ یورپ میں بھی معاشی بحران کے خطرات بڑھ گئے ہیں، عالمی سٹاک مارکیٹیں مندی کا شکار ہیں جبکہ خام تیل کی قیمتیں بھی 9 ماہ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق روسی صدر کے یوکرائن کے زیرقبضہ علاقوں میں رضا کار بھیجنے اور ریفرنڈم کے اعلان پر یورپ میں معاشی بحران کا خوف بڑھ گیا، جرمن، برطانوی اور دیگر یورپی ملکوں کی سٹاک مارکیٹس مندی کا شکار ہوگئیں، ڈالر کے مقابلے میں برطانوی پانڈ کی قدر میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔یورپ میں معاشی بحران کے خدشے اور امریکہ میں شرح سود بڑھنے پر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں۔ایران کی جانب سے روس کو مبینہ ڈرون فراہمی کے معاملے پر یوکرائن نے ایران سے تعلقات محدود کرنےکا اعلان کردیا۔ خیال رہے کہ یوکرینی فوج نے گزشتہ روز اوڈیسا بندرگاہ کے قریب چار ایرانی ساختہ ڈرونز مار گرانےکا دعویٰ کیا تھا۔ یوکرینی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ ماسکو کے ساتھ جنگ میں اب تک 8 ایرانی ساختہ ڈرونز مارگرائے جاچکے ہیں۔ صدر زیلنسکی نے ایرانی ساختہ ڈرونز کے استعمال پر وزارت خارجہ کو سخت ردعمل کی ہدایت کی ہے۔ یوکرینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس غیر دوستانہ اقدام کے جواب میں ایران کے سفیرکی ایکریڈیشن ختم کرنے اورکیف میں ایرانی سفارت خانے کے عملے کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران نے روس کو ڈرون فراہم کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے۔
یوکرائن