لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹی ٹونٹی میچ آج اتوار کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ، میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے شروع ہوگا ،مہمان ٹیم کو سات میچوں پر مشتمل سیریز میں 2-1کی برتری حاصل ہے ۔ سات میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے باقی تین میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق مڈل آرڈر کی ناکامی کے سوال پر بھڑک اٹھے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران مڈل آرڈر کی ناکامی کا سوال کیا تو وہ غصے میں آگئے اور نرالی منطق پیش کرنے لگے۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ کھیل میں ہارجیت بھی سردی گرمی، زندگی، موت جیسا قدرت کا نظام ہے۔ہیڈ کوچ نے خوشدل اور افتخار کے سوال پر کہا کہ آپ پاکستان کو سپورٹ نہیں کررہے ہیں آپ نے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ نہیں دیکھی ہوگی۔نیوز کانفرنس میں مڈل آرڈر کا دفاع کرتے ہوئے عجیب و غریب مثالیں بھی پیش کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ آپ مڈل آرڈر پر مسلسل بات کر کے ہمارے ذہن کو متاثر کر رہے ہیں،بار بارمڈل آرڈر پر بات کر کے کھلاڑیوں کا اعتماد خراب کیا جا رہا ہے،ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کل ہم جیتے آج وہ،جس روز جس کے پلان چلیں گے وہ کامیاب ہوگا۔
میچ رات ساڑھے سات بجے شروع ہوگا ،مہمان ٹیم کو 2-1کی برتری حاصل‘ ہارجیت بھی سردی گرمی، زندگی، موت جیسا قدرت کا نظام ہے:ہیڈ کوچ
Sep 25, 2022