کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان ریلوے نے سیلاب کے باعث معطل کراچی تا پشاور ریل سروس کو یکم اکتوبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ چیف انجینئر پاکستان ریلوے کے سکھر سے کراچی تک روٹ ٹریک کے معائنے کے بعد کیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی درستی، مرمتی اور مٹی کی بھرائی کا کام 24 گھنٹے کی شفٹ ڈیوٹیوں میں کیا جائے گا اور 29 ستمبر تک ٹریک کی مرمت کا کام مکمل ہوجائے گا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں یکم اکتوبر کے لیے ٹرینوں کی بکنگ بھی شروع کر دی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ملک بھر بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کے باعث کراچی کا گزشتہ 26 اگست سے ملک بھر سے بذریعہ ٹرین رابطہ منقطع ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ سیلابی پانی کم ہونے کے نتیجے میں ملک بھر میں ٹرین سروس کی بحالی کا سلسلہ بتدریج جاری ہے۔ریلوے حکام نے سکھر میں سیلابی پانی کم ہونے کے بعد 10 ستمبر سے سکھر تک ٹرین آپریشن بحال کر دیا تھا۔
ریل سروس