گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار عمرانی ٹولہ کو پاکستانی عوام مسترد کرچکے ہیں۔ملک کے موجودہ معاشی حالات اور مہنگائی کا ذمہ دار عمرانی ٹولہ ہے۔تحریک انصاف کا ساڑھے تین سالہ دور اقتدار ناکامیوں، نااہلیوں اور نالائقیوں سے بھرپور ہے۔پاکستان کے غیور عوام عمران خان کے جھوٹ اورفریب سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے موجودہ حکومت اقدامات کررہی ہے۔عوام کو سستی بجلی کی فراہمی اور بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی سپلائیاں بحال کیں ۔پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں کی بحالی کیلئے حکومت کو وقت درکار ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بہترین انداز میں عالمی دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش اور سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں سے دنیا کو آگاہ کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر صدر چیمبر محمد شعیب بٹ، آل پاکستان پیپر اینڈ بورڈ ملز کے نمائندے محمد ریحان منڈاہر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محمد ریحان نے وفاقی وزیر کو اپنی انڈسٹری اور بجلی بلوں کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے آگاہ ہے اور جلد ہی معیشت اور ملک پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔