چیف کمشنرنے اسلام آباد میں آوارہ کتوں کےلئے سینٹر کا افتتاح کر دےا

Sep 25, 2022


اسلام آباد(وقائع نگار)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے اسلام آباد میں آوارہ کتوں کی افزائش نسل کو کنٹرول کرنے کے لئے بنائے گئے سینٹر کا افتتاح ہفتہ کے روز کیا۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں ، این جی اوز،سی ڈی اے کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے افتتا حی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے کہا اسلام آباد کے مختلف علاقوں بالخصوص دیہی علاقوں میں ڈاگ بائٹس اور آوارہ کتوں کے کاٹنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔ لیکن مو¿ثر حل نہ ہونے کے باعث اس کا مستقل حل نہیں مل رہا تھا تاہم موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ا س سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس ڈاگ سینٹر میں 500 سے زائد کتے رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ اسی طرح اس ڈاگ سینٹر میں کتوں کے لئے پلے ایریا، ریسٹ ایریا سمیت سرجیکل یونٹ، ویکسینیشن سینٹر اور لیبارٹری کے لئے بھی الگ ایریا مختص کیا گیا ہے، خطاب کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ڈاگ کیچر آپریشن کے دوران کسی شہری کے پالتو جانور کو ٹارگٹ نہ بنائیں بلکہ جہاں سے شکایات موصول ہوں صرف وہیں کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اسی طرح ڈاگ کیچرز کے لئے باقاعدہ ایس او پیز بنانے کی بھی ہدایات متعلقہ شعبوں کے افسران کو جاری کی گئیں۔

مزیدخبریں