راولپنڈی(جنرل رپورٹر)انسداد پولیو پروگرام پنجاب کی سربراہ سیدہ رملہ علی نے راولپنڈی اور اٹک کا دورہ کیا،دورے کے دوران انھوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق اور اٹک کے ڈپٹی کمشنر حسن وقار سے ملاقات کی،ملاقاتوں میں دونوں ضلعوں کے محکمہ صحت کے افسران بھی شامل رہے، سیدہ رملہ کا کہنا تھا کہ اگلی انسداد پولیو مہم سے پہلے متحرک آبادیوں کو رجسٹر کیا جائے، متحرک آبادیوں کے بچے ترجیح ہیں،خیبر پختونخواہ سے منسلک اٹک کے علاقوں کو فوکس کیا جائے،کیونکہ دور دراز علاقوں میں بچوں کا قطروں سے محروم رہ جانے کا خطرہ زیادہ ہے،انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ دود دراز علاقوں کا مائیکرو پلان دوبارہ مرتب کیا جائے اورپولیو ٹیموں کے کوریج پلان کو بہتر کیا جائے، حضرو تحصیل میں انسداد پولیو مہم کو بہتر کیا جائے، ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی کہ 15 اکتوبر تک انسداد پولیو پلان کو بہتر کیا جائے گا اور اعدادو شمار کی کوالٹی کو بہتر کیا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ چونکہ راولپنڈی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے اس لئے تمام افسران اور پولیو ٹیموں کو احتیاط کی ضرورت ہے۔ اگر راولپنڈی جیسے بڑے شہر میں وائرس پھیلا تو کنٹرول کرنا مشکل ہو گا۔
پنجاب پولیو پروگرام سربراہ نے ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ایسے بچوں کی رجسٹریشن کی جائے۔ اس کے علاوہ انکاری بچوں کی بھی رجسٹریشن اور پروفائلنگ کی جائے۔
انسداد پولیو مہم مےں متحرک آبادیوں کے بچے ترجیح ہیں، سیدہ رملہ
Sep 25, 2022