اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ملک بھر مےں سےلاب سے متاثرہ اضلاع مےں ٹیلی کام سروسز کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے اگست 2022 کے وسط سے تمام موبائل فون آپرےٹروں کے ساتھ مل کر بھرپور اور مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے 28 اگست کو 3386 سائٹس متاثر ہوئیں جن میں سے 3251 سائٹس یعنی 96 فیصد سائٹس بحال کر دی گئی۔ پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیمیں اس ضمن مےں ٹیلی کام آپریٹروں، سول اور آرمی اتھارٹیز کے ساتھ متاثرہ ٹےلی کام انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مسلسل رابطے میں رہی ہےں۔اس حوالے سے مختلف رکاوٹوں جن میں متاثرہ سائٹس تک رسائی، بجلی کی دستیابی، ڈوبنے کی وجہ سے آلات کو پہنچنے والے نقصان اور جنریٹر سیٹوں کے لیے ایندھن کی دستیابی/فراہمی وغےرہ شامل ہےں کا سامنا درپےش رہا ۔ بہر کےف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رابطوں کی بحالی کے لیے پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹروں کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں غیر فعال سائٹس کی تعداد 135 یعنی ملک بھر میں کل سائٹس کا 0.26فیصد تک کم رہ گئےں۔