کراچی ڈاﺅن سنڈروم پروگرام 1568سے زائد خاندانوں کو اعلی معیار اور سستی خدمات فراہم کر رہا ہے،وزیراعلیٰ سندھ


کراچی(نیوز رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک جامع معاشرہ بنانا ہے جہاں بلا کسی امتیاز کے ہر شخص کو قبول کرنے اور اسے مکمل آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح اور ویژن ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پی ای سی ایچ ایس میں کراچی ڈاﺅن سنڈروم پروگرام (KDSP) میں لرننگ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ معاونین خصوصی سید قاسم نوید اور صادق میمن بھی تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس عظیم مقصد کا تصور میرے ذہن میں ہمیشہ سے رہا ہے مگر آج اس کی تکمیل اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں۔ مجھے ادارے کے نظم و ضبط اور اس کی کارکردگی کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ بھی دی گئی اور میں دیکھ سکتا ہوں کہ اس مقصد کے حصول کے لیے کتنی محنت اور شفقت کاماحول برپا کیا گیاہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں کے دوران KDSP کی ترقی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے 1568 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہی چھت کے نیچے اتنے شاندار طریقے سے ان خاندانوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنا ا یک نایاب منظر ہے جو ڈان سنڈروم سے متاثرہ بچوں کی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔. مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک انوکھا تصور ہے جو کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملتا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر اعلی معیارات اور خدمات کی بدولت پاکستان میں ڈاﺅن سنڈروم سے متاثر 300,000 ا کی آبادی کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پرامید ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ KDSP بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید بہتر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ڈی ایس پی ڈان سنڈروم سے متاثرہ افراد کی ضروریات ، علاج، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، مہارتوں کی نشوونما، خاندان کی مدد، اور آگاہی کے شعبوں میں شمولیت کے لیے ان کی رہنمائی کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن