قابضین سے نجات کیلئے قوم کامتحد ہو نا ناگزیر ہے،شاہد فراز


کراچی (نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے وائس چیئر مین شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے ملاقات میں کہا کہ مہاجر قوم کو اقلیت میں بدلنے کیلئے نہ صرف تارکین وطن اور دیگر صوبوں اور شہروں سے لوگوں کو لاکرآباد کیا جارہا ہے بلکہ کچی اور غیر قانونی بستیاں تیزی بسائی جارہی ہیں جہاں غیرمقامی افراد کو مقامی لوگوں کے حصے کی سہولیا ت مہیا کرکے مقامی لوگوں پر زندگی بد سے بد بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قابضین سے نجات کیلئے قوم کا متحدہ ہونا ناگزیر ہے جس کیلئے انتخابات بہترین انتقام ہے لہذا قوم کو انتخابات سے فرار کے بجائے اپنے ووٹ کی طاقت کومحسوس کرتے ہوئے آئندہ ہونے والے عام انتخابات ہویا بلدیاتی یا کسی ایک سیٹ پر ہونے والا ضمنی انتخاب ہمارے لئے قوم کی بقا کا ضامن ہوناچاہیے،کیونکہ یہ شہر ہمارا ہے اور یہاں سے کامیاب ہونے والا نمائندہ بھی اسی شہر اور اسی طبقے کا ہونا چاہیے جنہوں نے اس شہر کو اپنے خون سے سینچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات مشکل و کٹھن ضرور لیکن مقصد کے حصول کیلئے پہلے سے بھی زیادہ پر عزم وبا حوصلہ ہیں، جبکہ وہ وقت دور نہیں جب شہر کی ہر در و دیوارپر مہاجر پرچم بلند دکھائی دیگا اور ہر زبان سے نکلنے والا نعرہ جئے مہاجر کی صدا بن کر گونجے گا۔انہوں نے کہا کہ 16اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے قوم کنارہ کرنے کے بجائے اس میں بھر پور حصہ لیں اور مہاجر مخالف قوتوں کو پیغام دے دیں کہ یہ شہر کل بھی ہمارا تھا اور آخری سانس تک ہم اس کا دفاع کرتے رہےں گے۔
شاہد فراز

ای پیپر دی نیشن