کامونکی(نمائندہ خصوصی)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹرزنے ہسپتال میں مریض زیادہ ہونے اور سہولتیں نہ ہونے کا بہانہ بناکر مریضوں کواپنے نجی ہسپتالوں میں شفٹ کرنا شروع کردیا،سول ہسپتال میں ڈاکٹرز مریضوں کو آپریشن کیلئے کئی کئی ماہ کاوقت دے دیتے ہیں۔تفصیل کے مطابق کامونکی کی لاکھوں کی آبادی کیلئے چالیس سال قبل بنائے گئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت و لاپرواہی اور مریضوں سے نارواسلوک اور چیک کئے بغیر ہی دوائی کی پرچی لکھ کر بازار سے دوائی لانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے دوسری جانب ہسپتال کے ڈاکٹروں نے ڈلیوری کیس اورآپریشن کیلئے آنیوالی خواتین مریضوں کو ہسپتال میں سہولتیں نہ ہونے سے ڈرا دھمکا کر اپنے نجی ہسپتالوں میں جانے پر مجبور کرتے ہیں۔نجی ہسپتال میں آپریشن نہ کروانے کی صورت میں انکو کئی دنوں کا وقت دے دیا جاتاہے جبکہ انکے ہسپتال میں جانے کی صورت میں اسی دن آپریشن کردیا جاتا ہے۔گزشتہ روز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹر کے نجی ہسپتال سے ڈلیوی کیس کروانے والی خاتون کا زخم خراب ہونے پرتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں چیک کرنے کی بجائے اسے دوائی لکھ کر دے دی اورکہاکہ جاؤ کھاؤ۔عوامی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ تحصیل ہسپتال میں آنیوالے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں اور نااہل عملہ کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔
کامونکی: ڈاکٹرزنے بہانہ بناکر مریضوں کواپنے ہسپتالوں میں شفٹ کرنا شروع کردیا
Sep 25, 2022