سیاستدان خصوصا اپوزیشن ہوش کے ناخن لے‘ اقتدار کو ملکی مفادات پر فوقیت نہ دی جائے‘ اداروں پر الزام تراشی بند ہونی چاہئے

Sep 25, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہعمران خان کے دور حکومت میں آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کی عمر 69سال مقرر کی گئی اسی لئے جنرل باجوہ کو 69سال عمر ہونے تک آرمی چیف کے عہدے پر رہنا چاہئے۔ وہ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد شفیق کاکڑ کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے درست کہا ہے کہ ابھی الیکشن کے لئے مناسب وقت نہیںبلکہ عمران خان اور انکی جماعت کو پارلیمنٹ میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے اور الیکشن کا انعقاد اپنے وقت پر ہونا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو معیشت پر قومی چارٹر کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ملک کو مقدم رکھ کر باہمی سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر مل بیٹھ کر فیصلے کرنے ہوں گے اور سیاستدان خصوصا اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور ذاتی اقتدار کو ملکی مفادات پر فوقیت نہ دی جائے۔ اگر خدانخواستہ ملکی سلامتی کو خطرات سے دوچار کیا گیا تو ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کو آگے آنا ہوگا اور پھر سیاست دانوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ عسکری اداروں پر الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ آرمی چیف کی تقرری وزیر اعظم کا آئینی اختیار ہے اور اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

مزیدخبریں