ضلع قصور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن

Sep 25, 2023

حاجی محمد شریف مہر
انسپکٹر جنر ل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے تاریخ میں پہلی مرتبہ منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا اور ضلع قصور کے کچھ علاقے منشیات کے حوالے سے سیراب گوٹھ سمجھے جاتے تھے کو منشیات سے پاک کردیا گیا، آپریشن کی ابتدا کیلئے سب سے پہلے سکیورٹی ایجنسی سے منشیات فروشوں کا تعین کیا گیا، ضلع قصور میں سرگرم منشیات فروشوں کی فہرست مرتب کی گئی، پھر فہرست میں شامل ناموں کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ویری فائی کروایا گیا تاکہ صحیح معنوں میں منشیات فروشوں کا قلع قمع کیا جا سکے ، ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے منشیات فروشوں کے تعین کے بعد سپیشل ٹیمیں تشکیل دی اور تھانہ جات کے ایس ایچ او ز کو ٹاسک دئیے گئے اس کے علاوہ ڈی ایس پی سی آئی اے سلیم اللہ لاشاری پر مشتمل سی آئی اے سٹاف کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی اور ضلع قصور میں بڑے پیمانے پرکریک ڈاﺅن کا آغاز کردیا گیا ، قصور پولیس نے ملک وقوم کے دشمن منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران ضلع بھر میں1330ریڈز کیے اور316بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا،ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی211کلوگرام چرس، 5 کلوگرام ہیروئن،آدھاکلوگرام آئس، 300گرام کوکین اور4045 دیسی شراب برآمد کی گئی اور ملزمان کے خلاف امتناع منشیات کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔اس کے علاوہ ضلع قصور میں ٹاپ 20منشیات فروشوں کی الگ سے فہرست مرتب کی گئی جس میں ایسے منشیات فروشوں کو نامزد کیا گیا جو عرصہ دراز سے تھوک کے حساب سے منشیات کی سپلائی کا مکروہ کاروبار کرتے ہیں ،منشیات فروشوں کے خلاف سپیشل مہم کے دوران بیشتر ٹاپ 20ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دوسری طرف قصور پولیس نے ”نفرت جرم سے ہے انسان سے نہیں©©“کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلع بھر میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور صحتیابی کیلئے کوششیں شروع کیں، ضلع بھر کے ایسے مقامات جہاں پر منشیات کے عادی افراد بیٹھ کر نشہ کرتے ہیں ایسے مقامات کو ہاٹ سپاٹ ایریاز ڈکلیئر کیا گیا ، ہاٹ سپاٹ ایریاز میں قبرستان بابابلھے شاہؒ، دوسہرہ گراﺅنڈ، نفیس کالونی، ریلوے سٹیشن قصور، ریلوے لائن کھڈیاں، ریلوے سٹیشن منڈی عثمانوالا، محلہ بابا راڑے شاہ مصطفی آباد، بلال چوک مصطفی آباد، قبرستان گنج شہدا مصطفی آباد، گدو پلی چونیاں، قبرستان پیر جہانیاں چونیاں، بی ایس لنک کینال چھانگا مانگا، بھگیانہ کلاں، غلہ منڈی الہٰ آباد، گہلن ہٹھاڑ، الٰہ آباد بائی پاس، الحرم سٹی تلونڈی، قبرستان گہلن ہٹھاڑ، قبرستان تلونڈی، قبرستان پکھوکی، دربار بابا نیک مرد کنگن پور، قبرستان چونیاں روڈ پتوکی، ہلہ روڈ پتوکی، لاہور والا اڈا پتوکی، پرانی منڈی پتوکی، محلہ بلاکیاں والا پھولنگر، محلہ جوئیاں والا پھولنگراور لمبے جاگیر شامل ہیں ان تمام ہاٹ سپاٹ ایریاز کو منشیات کے عادی افراد سے کلیئر کروا لیا گیا ہے ،پولیس نے ضلع بھر سے 572منشیات کے عادی افراد کو بحالی کیلئے Rehabilitaion سنٹرز اور ہسپتالوں میں منتقل کردیا ہے۔اس کے علاوہ پولیس افسران کی طرف سے منشیات کے عادی افراد کی کونسلنگ کی جا رہی ہے، سرکل افسران اپنے اپنے تھانہ جات کے رہائشی منشیات کے عادی افراد کو ہسپتالوں میں جاکر ادویات کا بندوبست کروا رہے ہیں۔
ڈی پی ا وقصور طارق عزیز سندھو نے کہا کہ قصور پولیس منشیات فروشوں کا قلع قمع کرکے ہی دم لے گی ، ایس ایچ او ز کو واضح ہدایات جاری کردی گئیں ہیں جس علاقہ تھانہ میں نشہ کی ایک پڑی بھی فروخت ہوئی تو متعلقہ ایس ایچ او ذمہ دار ہو گا الحمداللہ قصور پولیس کے بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن اور گرفتاریوں کے باعث ضلع قصور کو ڈرگ فری بنادیا گیا ہے ،باقی ماندہ منشیات فروش علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ ڈی پی او قصور نے مزید کہا کہ منشیات کی روک تھام کسی ایک فرد واحد، ادارے یا حکومت کی ذمہ داری نہیںبلکہ اس مسئلے کو ملکی و قومی سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے ذرائع ابلاغ کے تمام چینلز جس میں سوشل میڈیا، ٹی وی چینلز، اخبارات، رسائل کو اس لعنت کے خلاف صدق دل سے معرکہ آراءہونا چاہیے۔تعلیمی اداروں میں اساتذہ کرام کڑی نظر سے نوخیز نسل کا جائزہ لیںاور انکو منشیات سے بزورروکیں۔علما کرام اپنے خطبوں میں شہریوں کو منشیات کی لعنت سے آگاہ کریں۔ منشیات فروش کسی معافی کے مستحق نہیں، شہری ایسے ناسوروں کے متعلق فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

مزیدخبریں