احسن صدیق
پیسیفک فارماسوٹیکل لمیٹڈ کے ڈائریکٹر رامش عمر نے نگران حکومت کی جانب سے ڈالر کی قیمتوں میں کمی کرنے کے لئے اقدامات کو سراہتے ہوئے زور دیا ہے کہ ڈالر کو کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں حالیہ بار بار اضافے نے ملک میں فارما سوٹیکل انڈسٹری کو بری طرح متاثر کیا ہے ڈالر کی غیر یقینی صورتحال کے باعث ادویات میں استعمال ہونے والے خام مال کی امپورٹ بھی بری طرح متاثر ہوئی جس کے نتیجے میں ہم مریضوں کی ایمرجنسی ضروریات بھی پوری نہیں کر پا رہے۔ملک کا فارما سوٹیکل سیکٹر نہیں چاہتا کہ ادویات عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو جائیں مقامی ادویات کی 100فیصد فراہمی کے مقصد سے پیچھے چلے جائیں گے۔اس وقت مقامی فارماسوٹیکل سیکٹر کل ضروریات کی 60فیصد ادویات ملک کے عوام کو فراہم کر رہا ہے۔ہم نے یہ کامیابی گزشتہ 20 سال کی سخت محنت سے حاصل کی ہے۔اس وقت مقامی فارماسوٹیکل انڈسٹری دل کی بیماریوں کی ادویات، شوگر کی ادویات، میدے کی ادویات ایمرجنسی ڈرپس سمیت دیگر ادویات بنا رہی ہے اگر حکومت ملک میں ڈالر کی غیر یقینی صورتحال کو کنٹرول کرئے اور مقامی فارما سوٹیکل انڈسٹری کو مراعات فراہم کرئے تو آئندہ 5سے 10سال میں مقامی فارماسوٹیکل سیکٹر ملک کے عوام کی ادویات کی 100فیصد ضرورت نہ صرف باآسانی پوری کر سکتا ہے بلکہ اپنی ادویات کو بیرون ممالک میں ایکسپورٹ کر کے ملک میں خطیر زرمبادلہ بھی لا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مہنگائی کے باعث بہت سی ملٹی نیشنل فارما سوٹیکل کمپنیوں نے اپنے آپریشنز سلو ڈاون کر دیئے ہیں اس کا فائدہ اٹھانے کے لئے مقامی فارماسوٹیکل انڈسٹری بالکل تیار ہے صرف اس ضمن میں حکومت مقامی فارماسوٹیکل سیکٹر کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرئے ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی امپورٹ کے لئے ایل سی کھولنے کی راہ میں حائل مشکلات کو ختم کیا جائے اور خام مال کی امپورٹ پر ہر قسم کا ٹیکس ختم کیا جائے۔ڈرگ پرائسنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت قیمت میں اضافے نے اس ضمن میں بہت مسلہ پیدا کیا ہے اس وقت مقامی فارماسوٹیکل انڈسٹری اپنا پیٹ کاٹ کر ملک کے عوام کو ادویات فراہم کر رہی ہے۔اسی طرح بجلی اور گیس کے بلوں کے باعث بہت پریشان ہیں پیپر کی زائد قیمت کے باعث ادویات کی پیکنگ کے مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی فارماسوٹیکل انڈسٹری انٹرنیشنل معیار کے مطابق ادویات تیار کر رہی ہے کیونکہ مقامی فارماسوٹیکل سیکٹر آر اینڈ ڈی پر بہت سرمایہ لگا رہی ہے۔ ادویات کی ایکسپورٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ملک میں ادویات تیار کرنے کے لیے خام مال ملک میں ہی تیار ہونا چاہیئے اس وقت بھارت اور چین ادویات کی تیاری کے لئے خام مال مقامی طور پر تیار کر کے ایکسپورٹ کر رہے ہیں اور اربوں ڈالر کما رہے ہیں۔پاکستان میں بھی ادویات سازی کے لئے خام مال مقامی طور پر تیار ہونا چاہیئے ہم اس وقت تک حقیقی طور پر اپنی ادویات ایکسپورٹ نہیں کر سکتے جب تک ادویات سازی کے لئے خام مال مقامی طور پر تیار نہیں کرتے۔اس وقت مقامی فارماسوٹیکل انڈسٹری ذیادہ تر خام مال چین اور دیگر ممالک سے امپورٹ کر رہی ہے۔اس کے علاوہ ادویات کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے بائیو ایکولیشن لیباٹریز ہونی چاہیئے جوادویات کی ایکسپورٹ کی رجسٹریشن کے لئے بنیادی ضرورت ہے۔اس کے ساتھ ساتھ حکومت ڈاکومنٹیشن اور این او سی کے لئے ون ونڈو قائم کرئے۔اس وقت فارما ایکسپورٹ کا عالمی حجم 500ارب ڈالر سے بھی زائد ہے جبکہ پاکستان کا اس میں حصہ نسبتًا کم ہے۔حکومت کو اسے سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے اس سے پہلا فائدہ یہ ہو گا کہ ادویات سازی کے لئے خام مال کے امپورٹ ختم ہو جائے گی جس سے ہمارا زر مبادلہ بچے گا پھر ادویات کی ایکسپورٹ بڑھے گی جس سے خطیر زر مبادلہ ملک میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں انجیکٹبل ڈرپس مقامی طور پر تیار کی ہیں اب ان کو ایکسپورٹ کرنے کے لئے ایم ایچ آر اے سرٹیفیکیشن کے لئے کام کا آغاز کر دیا ہے جیسے ہی ہمیں انجیکٹبل ڈرپس کے لئے ایم ایچ آر اے سرٹیفیکیٹ ملا ہم انہیں ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیں گے۔انہوں نے کیا کہ میری حکومت سے ایک بار پھر استدعا ہے کہ ڈالر کے غیر قانونی آو¿ٹ فلو کے سدباب کے لئے موثر اقدام کرے ڈالر کی قیمت میں مصنوعی تیزی کو کنٹرول کرنے کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدام کئے جائیں اگر ایسا کیا گیا تو ادویات کی فراہمی ممکن ہو گی ملک کی مقامی فارماسوٹیکل انڈسٹری مریضوں کی ہر ممکن ضروریات پوری کر سکے گی۔انہوں نے حکومت پر یہ زور دیا کہ ڈرگ پرائسنگ کا ایشو حل کرنے کے لئے حکومت فارماسوٹیکل انڈسٹری کے ساتھ مشاورت سے مستقل بنیادوں پر ایک لائحہ عمل تشکیل دے۔
مہنگائی نے ملٹی نیشنل فارما سوٹیکل کے آپریشنز بھی سلو ڈاﺅن کر دیئے
Sep 25, 2023