پاکستان کوابھرتی ہوئی کثیر الجہتی توسیع شدہ تنظیم برکس کا رکن ہونا چاہیے:شہزاد علی

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کثیرالجہتی دنیا کا پرجوش حامی ہے اس لئے اسے عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی کثیر الجہتی توسیع شدہ تنظیم برکس کا رکن ہونا چاہیے۔ گزشتہ روز صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی سیاست کے تناظر میں یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ چین اور دیگر ایشیائی معیشتوں کے عروج نے مروجہ عالمی نظام میں مغربی تسلط کو چیلنج کرنے کے امکانات روشن کر دئیے ہیں۔ توسیع شدہ برکس جو دنیا کی آبادی اور معاشی نمو کے ایک بڑے حصے کی نمائندگی کرتا ہے۔ گلوبل ساوتھ کے مفادات کی نمائندگی کرنے کیلئے تیار ہے۔ ڈالر پر انحصار میں کمی بعض برکس ممالک کی خواہش ہو سکتی ہے لیکن دیگر کرنسیوں کی طرف حقیقی تبدیلی کیلئے مزید وقت اور کوششوں کی ضرورت ہوگی۔ تقریباً 5 ٹریلین ڈالر مختلف ملکوں کے مرکزی بینکوں میں جمع ہیں جن میں بینک آف چائنا کے تقریباً ایک ٹریلین ڈالر بھی شامل ہیں۔ اسی طرح عالمی سپلائی چین بھی تمام ممالک کی اقتصادی ترقی کیلئے اہم ہے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ پاکستان توسیع شدہ برکس کے مرکز میں واقع ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا کو مغربی اور وسطی ایشیا سے ملانے والا ایک حقیقی مرکز بن سکتا ہے۔ پاکستان کو سب سے پہلے اپنی معیشت کو بہتر بنانا اور مشرق و مغرب کے مابین رابطوں کیلئے اپنے دروازے کھولنے پر غور کرنا چاہیے جس سے شمال۔جنوب کنیکٹیویٹی کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

ای پیپر دی نیشن