لدھیوالہ وڑائچ (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے علی جی ٹاﺅن میں لڑکی کو ملنے گئے بیس سالہ نوجوان کی لڑکی کے باپ اور بھائیوں کے تشدد سے ہلاکت پر مقتول کے ورثا نے قلعہ چند پر لاش کو جی ٹی روڈ پر رکھ کر ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا۔ گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگنے سے مسافر خوار ہوتے رہے۔ مظاہرین لدھیوالہ وڑائچ پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ایس پی سٹی سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔ بیس سالہ آفاق کو لڑکی کے باپ بھولا، بھائیوں سفیان اور ابوبکر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور چھریوں کے وار کر کے نیم مردہ حالت میں سڑک کنارے پھینک دیا تھا جو ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ مقتول آفاق کے ورثا نے اس کی لاش کو قلعہ چند بائی پاس پر رکھ کر جی ٹی روڈ کو تین گھنٹے تک ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگنے سے مسافر خوار ہوتے رہے۔ مظاہرین لدھیوالہ وڑائچ پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ایس پی سٹی غیور احمد نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور یقین دہانی کروائی کہ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو چوبیس گھنٹے کے اندر اندر گرفتار کر لیا جائے گا جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔