خیبرپی کے کو بجلی ‘گیس چور کہنے والے آئیں ‘حساب کتاب کرلیں، امیر حیدر ہوتی

پشاور (نیٹ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے صوبے کے عوام کو بجلی اور گیس چور کہنے والے آئیں اور حساب کتاب کرلیں۔ پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا اسلام آباد کے بند کمروں میں بیٹھ کر خیبر پی کے کو بجلی اور گیس چور کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں چور کہنے والے آجائیں تو حساب کتاب کرلیتے ہیں، ہم جو بجلی پیدا کرتے ہیں، وہ 4 روپے میں دے کر 50 روپے کی خریدتے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا بجلی کی لوڈشیڈنگ ناانصافی و غیر آئینی ہے، گندم پر پہلا حق پنجاب کا ہے تو بجلی و گیس پر پہلا حق خیبر پی کے کا ہے۔ا±ن کا کہنا تھا قیدی 804 عوام اور فوج کی لڑائی پلان کر رہے ہیں۔ اب ان سے حساب کتاب مانگا جا رہا ہے تو اس میں کونسی بری بات ہے۔ قیدی 804 کو کہتا ہوں آپ کی حکومت میں بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کرنا آسان تھا۔ ہمارے ہزاروں کارکنان شہید ہوئے، الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے ہمیں باہر کیا گیا، ہم نے کسی کو ملک کے مخالف نہیں بنایا۔ یہ ملک ہے تو ہم ہیں ملک نہیں تو ہم نہیں، منتخب وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ آخر تک کھڑا رہتا ہے۔ مقبول اور قبول کے لیے نہیں آیا ہوں، ہماری کرسی کی جنگ نہیں، عوام کے ووٹوں سے اقتدار ملا تو قبول ہے خیرات کے ذریعے اقتدار قبول نہیں۔ کسی اور کی لڑائی میں پختونوں کا خون بہایا گیا، مشاورت کر کے دسمبر میں جلسوں کا آغاز کریں گے، الیکشن سے قبل مثالی جلسے کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن