لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ حکمران سرور کائنات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہر طرح کی فضول خرچیاں ختم کر کے سادگی اپنائیں۔ غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی کو ضائع اور برباد کرنے سے گریز کریں۔ وہ گزشتہ روز مارکیٹ گلبرگ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ پروفیسر عدنان فیصل، مولانا قاری محمد یحییٰ مدنی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اور میاں محمد اصغر نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ ہمارے حکمران محبت رسول اور عشقِ رسول کے بڑے بڑے بلند بانگ دعوے کرتے ہیں مگر ملک میں نظامِ مصطفٰی نافذ نہیں ہو سکا۔ حضور کی پوری زندگی غریبوں، ماتحتوں اور کمزوروں کے لئے ایثار و قربانی پر مبنی تھی۔ اگر حضور کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے انسانی ہمدردی اور خدمت کے سنہری اصول اپنائے جاتے تو آج 24 کروڑ عوام کی یہ حالت زار نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اللّٰہ سے ڈریں، خدا کا خوف کریں، آج وقت ہے عوام پر ہر طرح کے ظلم و جبر اور نا انصافی کا سلسلہ بند کیا جائے۔