بینن میں پٹرول کے گودام میں آگ لگنے سے 35 افراد ہلاک

پورٹو نوو (اے پی پی)بینن میں پٹرول کے گودام میں آگ لگنے سے 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق بینین کی وزارت داخلہ اور عوامی سلامتی نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی علاقے اوئیمے میں پٹرول کے گودام میں آگ لگنے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 10سے زیادہ شدید زخمی ہو گئے ہیں ۔وزارت نے کہا کہ آگ غالبا اس وقت شروع ہوئی جب ایک گاڑی سے پٹرول کے تھیلے اتارے جا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ، پولیس اور طبی ٹیموں کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر متحرک کر دیا گیا اور پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے حادثے کی وجہ کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پرایک بچے سمیت 35 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں اور 12سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بینن میں اس کےپڑوسی ملک نائجیریا سے اسمگل شدہ پیٹرول آتا ہے اور عام قصبوں اور محلوں میں ذخیرہ کر کے فروخت کیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن