مقبوضہ کشمیر: پاکستان کشمیر کاز کا حقیقی علمبردار، عالمی فورم پر حق خودارادیت کو بھرپورانداز میں اٹھایا: حریت رہنما

Sep 25, 2023

 نئی دہلی،اسلام آباد (کے پی آئی ) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کاز کا حقیقی علمبردار ہے اور اس نے ایک بار پھرعالمی فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو بھرپورانداز میں اٹھایاہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نگراں وزیراعظم کی زبردست تقریر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والے مظلوم کشمیریوں کے لئے حوصلہ افزاءہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی نمائندگی کرنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل حمایت کرنے پرکشمیری پاکستان کے مقروض ہیں۔ مسرت عالم بٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے اپنے وعدے کو پوراکرے اور اقوام متحدہ مودی حکومت کو واضح پیغام بھیجے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے، علاقے کی ثقافت اور شناخت چھیننے کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو روکے۔ دریں اثناء جیل میںنظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور رہنما بلال صدیقی نے سینٹرل جیل سرینگر سے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے عالمی تنازعات ہیں اور ان دونوں خطوں میں مسلسل جانی نقصان عالمی ادارے کی مکمل ناکامی کاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات اقوام متحدہ کی ساکھ پراس وقت تک سوالیہ نشان بنے رہیں گے جب تک یہ مسائل عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیر اور فلسطین کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوجیوں کے مظالم اورمسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپورانداز میں اجاگر کرنے پر پاکستانی حکومت اور وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیاہے۔

مزیدخبریں