لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) عوام کی سہولت کیلئے ایک اور بڑا منصوبہ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بند روڈ ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیج کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو چیف انجینئر ایل ڈی اے نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ 7.3 کلومیٹر طویل کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی تعمیر 4ماہ میں مکمل ہوگی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظام کیا جائے۔ پیکیج ون میں نیازی تا سگیاں انٹرچینج اور پیکیج ٹو میں سگیاں انٹرچینج تا بابو صابو انٹرچینج کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور تعمیرہوگا۔ پراجیکٹ کے تحت 4 لین پر مشتمل دو رویہ ہائی رائز سڑک تعمیر کی جائے گی۔ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کے اطراف میں بھی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ دوطرفہ ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے لیے 9 سب ویز تعمیر کیے جائیں گے۔ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کی تکمیل سے روزانہ ایک لاکھ 30 ہزار گاڑیاں گزریں گی۔ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔ صوبے میں آشوب چشم کی وباء اور انجکشن Avastin کے استعمال سے بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انکوائری رپورٹ آنے تک انجکشن کی فروخت روکنے اور سٹاک مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب حکومت متاثرہ افراد کو فری علاج معالجہ فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر سطح پر آشوب چشم کی وباءکے سدباب کے لئے اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ہسپتالوں میں علاج کے لئے تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آنکھ کے انجکشن سے بعض افراد کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے گزشتہ روز لاہور پہنچتے ہی علی الصبح گھوڑا چوک فلائی اوور اور خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے منصوبوں پر کام کرنے والے ورکرز سے مصافحہ کیا اورعلی الصبح تک کام ہوتا دیکھ کر ورکرز کو شاباش دی۔ محسن نقوی نے اخبار بینی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اخبارات ہی درست معلومات کا سب سے مستند ذریعہ ہیں۔ اخبارات ہر معاشرے کا اہم حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ عوامی شعور کی بیداری کے لئے اخبارات کی اہمیت مسلمہ ہے۔ آزاد جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے ہر معاشرے میں اخبارات نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز حضرت میاں میرؒ کے 400ویں عرس کی تقریبات کا آغاز کردیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار پر چادر پوشی کی اور پھول چڑھائے۔ وزیراعلیٰ نے ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔ صوبائی وزراءاظفر علی ناصر، عامر میر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی آف لاہور، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد، علماءکرام، سکھ، ہندو، مسیحی برادریوں کی سرکردہ شخصیات اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لائبریری و ا نٹرفیتھ ڈائیلاگ ٹیبل کا بھی افتتاح کیا اور لائبریری و انٹر فیتھ ڈائیلاگ ٹیبل کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) عوامی جمہوریہ چین کے 74 ویں قومی دن یکم اکتوبر 2023ءکے سلسلے میں چینی قونصلیٹ لاہور کے زیر اہتمام تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن، نگران وزیر اعلٰی محسن نقوی، وفاقی وزیر فواد حسن فواد اور امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چینی قونصلیٹ لاہور کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر چاو¿ کی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ دیگر شرکاء میں سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری، صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور، کمرشل قونصل مسٹر یان ینگ، ڈائریکٹر سیاسی امور مسٹر ڈو یو، انٹیلکچوئل محمد مہدی، صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری بشمول کاروباری، سماجی و عوامی شخصیات سمیت سیکڑوں مردو خواتین نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین سے پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔ 80 ارب ڈالر کا سی پیک اور دیگر منصوبے پاکستان چین دوستی کا زندہ ثبوت ہے۔ چین کے قومی دن پر چینی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے لئے مشکل وقت ہے، انرجی اور معاشی بحران کا سامنا ہے۔ وزیر اعلٰی محسن نقوی کے چین کے حالیہ دورے کے دوران معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ چینی قائم مقام قونصل جنرل مسٹر چاو¿ کی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا چین سی پیک کے تحت پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالتا رہے گا۔ لاہور سے چین کی براہ راست پروازیں جلد شروع ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے دنیا کی معیشت میں بڑا مقام عوام کی شمولیت سے حاصل کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے انتظامات پر ان کے شکر گزار ہیں۔ چاو کی نے کہا چین، پاکستان کی دوستی نئی بلندیوں پر پہنچے گی۔ تقریب کے آخر میں عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی مناسبت سے سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
سالگرہ کیک