حکومت مضبوط معیشت کیلئے ٹیکس نیت بڑھائے، وزیرخزانہ: ڈالر سستا ہونے سے بہتری آئیگی، گورنر سندھ

اسلام آباد کراچی (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت مضبوط معیشت کےلئے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے، توانائی کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کےلئے پرعزم ہے۔ معیشت کی خوشحالی کو یقینی بنانے کےلئے حکومتی ملکیتی اداروں کی شفافیت اور گورننس میں بہتری ضروری ہے۔ نگران وزیر خزانہ سے کراچی میں پی بی سی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد کی جانب سے نگران حکومت کی طرف سے سمگلنگ کی روک تھام، ایکسچینج کو درست سمت لانے اور عالمی مالیاتی فنڈ کی معاونت کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ مضبوط معیشت کے لئے حکومت ٹیکس بیس کو بڑھانے اور توانائی کے شعبہ سے متعلق مسائل کے حل کےلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے ریاستی ملکیتی اداروں میں شفافیت اور گورننس کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشی خوشحالی ممکن ہے۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے شمشاد اختر کی ملاقات کے دوران ملک کو درپیش معاشی چیلنجز، معاشی صورتحال میں بہتری کی حکمت عملی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ برآمدات و سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات اور دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نگران حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ وزارتوں کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ڈالر کا ریٹ نیچے آنے سے مختلف شعبوں میں بہتری آئے گی۔ وزیر خزانہ شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے سرمایہ کاروں کو مراعات دی جا رہی ہیں۔ نگران حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے۔ وفاقی حکومت اور صنعتکاروں کے رابطہ میں گورنر سندھ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن